حماقت کے خِلاف تنبیہ
1 اَے میرے بیٹے! اگر تُم نے اَپنے پڑوسی کی ضمانت دی ہے،
اَور اگر تُم نے کسی اجنبی سے شرط لگا کر ذمّہ داری قبُول کی ہے،
2 اگر تُم اَپنی ہی باتوں کے پھندے میں پھنس گئے ہو۔
اَور اَپنے ہی مُنہ کی باتوں سے پکڑے گئے ہو،
3 تو اَے میرے بیٹے! اَپنے آپ کو بچانے کی تدبیر کرو،
کیونکہ تُم اَپنے پڑوسی کے ہاتھ میں پڑ چُکے ہو:
جاؤ اَور نہایت خاکساری سے؛
اَپنے پڑوسی سے اِلتجا کرو!
4 اَپنی آنکھوں میں نیند نہ آنے دو،
اَور نہ اَپنی پلکوں کو جھپکنے دو۔
5 تُم اَپنے آپ کو ہِرنی کی مانند شِکاری کے ہاتھ سے،
اَور چڑیا کی مانند صیّاد کے جال سے چھُڑا لو۔