Publicidade

Salmos 20

موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ داویؔد کا زبُور۔

1 جَب آپ مُصیبت کا شِکار ہو تو یَاہوِہ آپ کی فریاد سُن کر جَواب دیں گے؛

یعقوب کے خُدا کا نام آپ کی حِفاظت کرے۔

2 وہ پاک مَقدِس سے آپ کے لیٔے مدد بھیجیں

اَور صِیّونؔ سے تُمہیں سہارا دیں۔

3 وہ آپ کی سَب نذریں یاد رکھیں،

اَور آپ کی سوختنی نذروں کو قبُول فرمائیں۔

4 وہ آپ کی دِلی تمنّا پُوری کریں،

اَور آپ کے سَب منصُوبوں میں تُمہیں کامیابی عطا فرمائے۔

5 جَب تُم نَجات پاؤ تو ہم خُوشی کے نعرے لگائیں گے

اَور اَپنے خُدا کے نام پر اَپنے جھنڈے بُلند کریں گے۔

یَاہوِہ آپ کی تمام درخواستیں پُوری کریں۔

6 اَب مَیں جان گیا کہ یَاہوِہ اَپنے ممسوح کو بچا لیتے ہیں؛

وہ اَپنے داہنے ہاتھ کی نَجات بخش قُوّت سے

اُسے اَپنے مُقدّس آسمان پر سے جَواب دیتے ہیں۔

7 بعض لوگوں کو جنگی رتھوں پر بھروسا ہوتاہے اَور بعض کو گھوڑوں پر،

لیکن ہم تو یَاہوِہ اَپنے خُدا ہی کے نام پر بھروسا کریں گے۔

8 وہ مغلُوب ہُوئے اَور گِر گیٔے،

لیکن ہم اُٹھے اَور ثابت قدم رہے۔

9 اَے یَاہوِہ، بادشاہ کو فتح بخشیں!

اَور جَب ہم پُکاریں تو ہمیں جَواب دیں!

Veja também

Publicidade
Bíblia Online Bíblia Online

Bíblia Online • Versão: 2026-06-15_21-32-39-