Publicidade

Salmos 98

ایک زبُور۔

1 یَاہوِہ کے لیٔے ایک نیا نغمہ گاؤ،

کیونکہ یَاہوِہ نے حیرت اَنگیز کام کئے ہیں؛

اُن کے داہنے ہاتھ اَور اُن کے مُقدّس بازو نے

فتح حاصل کی ہے۔

2 یَاہوِہ نے قوموں پر اَپنی نَجات ظاہر کی ہے

اَور اَپنی راستی کا جلوہ دِکھایا ہے۔

3 خُدا نے اِسرائیل کے گھرانے کے حق میں اَپنی شفقت و مَحَبّت

اَور وفاداری کو یاد فرمایاہے؛

دُنیا کی اِنتہا تک لوگوں نے ہمارے

خُدا کی نَجات دیکھی ہے۔

4 یَاہوِہ کے حُضُور میں سَب اہلِ زمین خُوشی سے للکارو،

سازوں کے ساتھ خُوشی کا نغمہ گاؤ؛

5 بربط پر یَاہوِہ کے لیٔے نغمہ سرائی کرو،

ہاں، سِتار اَور سریلی آواز کے ساتھ۔

6 نرسنگوں سے اَور قَرنا کی آواز سے یَاہوِہ،

یعنی ہمارے بادشاہ، کے سامنے خُوشی سے نعرے بُلند کرو۔

7 سمُندر اَور اُس کے اَندر کی ہر شَے اُس میں خُوشی سے للکاریں،

اَور دُنیا اَور اُس کے سَب باشِندے بھی۔

8 دریا تالیاں بجائیں،

اَور پہاڑ مِل کر خُوشی سے گائیں؛

9 وہ سَب یَاہوِہ کی حُضُوری میں گائیں،

کیونکہ یَاہوِہ زمین کی عدالت کرنے آ رہے ہیں۔

اُن کا اِنصاف راستبازی سے پُورا ہوگا؛

اَور اِنسانوں کی عدالت اَپنی صداقت کے مُطابق کریں گے۔

Veja também

Publicidade
Bíblia Online Bíblia Online

Bíblia Online • Versão: 2026-06-15_21-32-39-